منگلورو:31/مئی (ایس اؤ نیوز )کلڈکا سے تعلق رکھنے والے متھون ، یتین، امیت ، اچھویتا، نوین ، رنجیت اور پشپ راج کے گروہ کا جمعہ کی نماز کے بعد گھر لوٹ رہے محمد ہاشر اور محمد معشوق پر چاقواور چھری سے قاتلانہ حملہ کرنا منصوبہ بند سازش ہونے کےساتھ ساتھ علاقے میں فرقہ وارانہ فساد برپا کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے، اس بات کا الزام ایس ڈی پی آئی دکشن کنڑا ضلع کمیٹی نے عائد کرتے ہوئے پورے معاملے کی سخت مذمت کی ہے ۔
پریس کانفرنس میں ایس ڈی پی آئی ضلعی صدر حنیف خان کوڈاجے نے کہا کہ متھون اور اس کی ٹیم بنٹوال پولس تھانہ حدود میں قتل و غارت گری ، قاتلانہ حملہ کی کوشش ، ڈکیتی ، فرقہ وارانہ فسادات کی سازش سمیت 20سے زائد جرائم میں ملوث اور کریمنل پس منظر رکھنے والے راوڑی شیٹر ہیں ، کئی پولس تھانوں میں راوڑی شیٹر کے طورپر معاملات درج کئے گئے ہیں۔ متھون تلپاڑی کے بدرا لدین، ناؤور کے ہریش پجاری اور سجیپ منور دیہات کے ہریش گوڈا قتل معاملات میں ملوث ہیں، مگر آرایس ایس لیڈر کلڈکا پربھا کر بھٹ کا متھون کو معصوم کہنا ان کی اصلی ذہنیت کو ظاہر کرتاہے ۔ جس طرح کلڈکا پربھا کر بھٹ نے پریس کانفرنس میں متھون اور اس کے ٹیم کی کھل کر حمایت کی ہے، اسے دیکھیں تو محسوس ہوتاہے کہ پورے منصوبے کی سازش رچنے میں کلڈکا پربھا کر بھٹ بھی ملوث ہے ۔
ایس ڈی پی آئی نے پولس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انہیں فوری گرفتارکرکے پوچھ تاچھ کرے۔ نوجوانوں پر ہوئے حملہ کو لے کر جب شہر میں بندمنایا گیاتو کلڈکا پربھا کر بھٹ کو 100-200نوجوانوں کو ساتھ لے کر شہر کے ماحول کو کشیدہ بنانے کے علاوہ زبردستی دکانیں کھولنے پر مجبور کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ کلڈکا پربھا کر بھٹ کی کرتوت کو دیکھیں تو محسوس ہوتا ہے کہ وہ ضلع میں فرقہ وارانہ فساد کو ہوا دینے کی کوشش میں ہے۔
ایس ڈی پی آئی کے ذمہ داران نے دکشن کنڑا ضلعی ایس پی بھوشن گلاب راؤ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے از خود کلڈکا پہنچ کر حالات کی نگرانی کی اور دو دن تک یہیں مقیم رہتے ہوئے حالات کو قابو میں رکھنے کی ہرممکنہ کوششیں کیں، جو قابل ستائش ہیں اور ہم اُنہیں ایک اہل افسر ہونے کی گواہی دیتی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے تمام پولس افسران کی ستائش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ متھون اور اس کی گینگ کو دوبارہ گرفتار کرکے شہر کے حالات کو پرامن و پرسکون رہنے دیں۔ پریس کانفرنس میں دکشن کنڑا ضلع ایس ڈی پی آئی کے صدر حنیف خان کوڈاجے، جنرل سکریٹری عطاء اللہ جوکٹے، بنٹوال صدر شاہ ایس ایچ ، سکریٹری اقبال بیلارے ، اشرف منچی اور محمد ہاشر اور محمد معشوق کے والد صاحبان محمد یوسف اور محمد مجید موجود تھے۔